ڈپٹی کمشنر کا ایل پی جی کی قیمتوں کے حوالے سے موصول ہونے والی عوامی شکایات پر نوٹس ، فوری کارروائی کی ہدایت

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے شہر اور گردونواح میں ایل پی جی کی قیمتوں کے حوالے سے موصول ہونے والی عوامی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تحصیلدار سب ڈویژن (سٹی) ہمایوں کاکڑ نے شہر کے مختلف ایل پی جی پلانٹس کا ہنگامی دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے گیس کی قیمتوں اور اسٹاک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تحصیلدار ہمایوں کاکڑ نے پلانٹ مالکان کو وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کر کے مہنگے داموں گیس فروخت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔
