پاکستان مسلم لیگ ن کا پارلیمان میں منی بجٹ پر بحث نہ ہونے پر سخت احتجاج کا اعلان

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن نے منی بجٹ پر پارلیمان میں بحث نہ ہونے پر سخت احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، خرم دستگیر، شکیلہ لقمان چودھری، طاہرہ اورنگزیب، حامد حمید، ریاض پیر زادہ، ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔

اجلاس میں منی بجٹ، فنانس بل اور اسٹیٹ بینک کی خودمختاری سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اجلاس میں منی بجٹ کے حوالے سے پارٹی حکمت عملی طے کی گئی، منی بجٹ پر پارلیمان میں بحث ہونی چاہیے، منی بجٹ سے ہر پاکستانی متاثر ہوگا، منی بجٹ میں 500 ارب کے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منی بجٹ پر پارلیمان میں بحث نہ ہوئی تو سخت احتجاج ہوگا، انتخابی قوانین میں ترامیم کے حوالے سے بھی اجلاس میں غور و غوض کیا گیا۔