منظم اور نظریاتی جماعت ہی قوم کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے، عوام کے مسائل پارلیمنٹ میں بھرپور انداز میں اٹھاؤں گا، خوشحال خان کاکڑ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)قلعہ سیف اللہ، خوصنوب، پتاو دولت زئی (پ ر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صرف ایک منظم، نظریاتی اور عوامی بنیادوں پر قائم سیاسی جماعت ہی اپنی قوم اور عوام کی ملی نجات کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پارٹی کارکنان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارٹی کے منشور، نظریات اور پروگرام کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے دن رات محنت کریں، عوام سے قریبی رابطہ قائم رکھیں اور ان کے مسائل کو اجاگر کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بطور عوامی نمائندہ ژوب، شیرانی اور قلعہ سیف اللہ کے عوام کے مسائل کو پارلیمنٹ میں بھرپور اور مؤثر انداز میں اٹھاتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع قلعہ سیف اللہ کے زیرِ اہتمام علاقہ خوصنوب اور تحصیل پتاو دولت زئی میں منعقد ہونے والی دو اہم، منظم اور شاندار علاقائی کانفرنسوں سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ ان کانفرنسوں کا مقصد تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا، پارٹی کے نظریاتی پیغام کو نچلی سطح تک عام کرنا اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی ترتیب دینا تھا۔پہلی کانفرنس علاقہ خوصنوب میں منعقد ہوئی، جس میں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور عوام کو درپیش مسائل، خصوصاً مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم و صحت کی ناکافی سہولیات اور بنیادی حقوق کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین میں مرکزی و ضلعی سیکرٹری اللہ نور خان کاکڑ، صوبائی سیکرٹری مالیات سید اکبر خان کاکڑ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری نظام خان کاکڑ، مولوی حقداد، یاسر کلیوال، مولوی شاہ خالد اور غفور لالک شامل تھے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی عوام کے بنیادی حقوق کے حصول، ناانصافیوں کے خاتمے اور سیاسی شعور کی بیداری کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔

اس موقع پر تنظیمی استحکام، کارکنان کی تربیت اور نوجوانوں کی پارٹی میں شمولیت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا گیا۔ کانفرنس کے دوران خوصنوب کے علاقائی یونٹ کے لیے نئی کابینہ متفقہ طور پر منتخب کی گئی، جس میں سرور کامریڈ کو سیکرٹری، غفور لالک کو سینئر معاون جبکہ آصف خان جوگیزی، سرفراز خان جوگیزی، حاجی عطا محمد، صدیق باچا، جمال الدین، عبیداللہ مٹاخیل اور عبداللہ ہیوت مل کو معاونین منتخب کیا گیا۔ نومنتخب کابینہ سے خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 131 افراد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جو پارٹی پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ دوسری اہم کانفرنس تحصیل پتاو دولت زئی میں منعقد ہوئی، جہاں بھی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کانفرنس میں علاقے کی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور تنظیمی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر ایک اہم پیش رفت سامنے آئی کہ 31 افراد نے دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جن میں 27 افراد کا تعلق جمعیت (ف) جبکہ 4 افراد اصلاحی کمیٹی سے وابستہ تھے۔ شرکاء نے اس شمولیت کو پارٹی کی عوامی مقبولیت اور نظریاتی قوت کا مظہر قرار دیا۔
کانفرنس سے اللہ نور خان کاکڑ، نصیب وطنپال، شمس رودوال، مولوی شاہ خالد، ظہور خان، عزیز ارین اور ماسٹر طاہر دولت زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک نظریاتی، اصولی اور عوام دوست جماعت ہے، جو ہر قسم کے جبر، ناانصافی، استحصال اور غیر جمہوری رویوں کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی حقوق کے حصول کے لیے منظم سیاسی جدوجہد ہی واحد راستہ ہے۔ پتاو دولت زئی کے لیے نئی کابینہ کا بھی اعلان کیا گیا، جس کے مطابق دوست محمد کو سیکرٹری، کمال الدین کو سینئر معاون، محمد خان کو سیکرٹری مالیات، محمد شاہ کو سیکرٹری اطلاعات جبکہ خیر شاہ، کشمیر خان، سمیع اللہ، امین اللہ اور عبدالغفور کو معاونین منتخب کیا گیا۔ دونوں کانفرنسوں کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ میں اپنی تنظیمی بنیادوں کو مزید مضبوط بنائے گی، عوامی رابطہ مہم کو وسعت دے گی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مؤثر، منظم اور تیز بنائے گی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کا بنیادی مقصد عوام کے حقوق کا تحفظ، سیاسی شعور کی بیداری، جمہوری اقدار کا فروغ اور ایک منصفانہ، پرامن اور خوشحال معاشرے کا قیام ہے، جس کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
