پیٹرولیم مصنوعات میں ظالمانہ اضافے اور مہنگائی کے خلاف قلعہ عبداللہ میں بھرپور احتجاج، قیمتیں فوری کم کی جائیں بصورت دیگر ملک گیر تحریک چلائیں گے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)قلعہ عبداللہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف قلعہ عبداللہ (میزئی اڈہ) میں ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پارٹی کارکنان سمیت تاجروں، ٹرانسپورٹرز، مزدوروں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور حکومت کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ملک عبیداللہ کاکڑ، عنایت اللہ اچکزئی، ضلعی سیکرٹری ڈاکٹر محمود کاکڑ، رمضان کاکڑ، سید احمد کاکڑ، زکریا خان کاکڑ اور دیگر مقررین نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور بے لگام اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے مکمل لاتعلق ہے۔
مقررین نے حکومت کی معاشی پالیسیوں، نااہلی اور بدانتظامی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی، ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ آخر میں مقررین نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات نہ اٹھائے تو اس احتجاجی تحریک کو ضلعی سطح سے بڑھا کر صوبائی اور ملک گیر سطح تک وسعت دی جائے گی اور ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔
