بارکھان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ، مواصلاتی ٹاور تباہ، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ


بارکھان (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بارکھان کے علاقے لہمہ زہرین میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد ایف سی نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر کے کلیئرنس کا عمل جاری کر دیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر بارکھان کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور طبی عملے کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔سیکیورٹی خدشات کے باعث بارکھان سے ناہڑ کوٹ جانے والی شاہراہ کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر کے چیکنگ سخت کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے مکمل گریز کریں۔بارکھان کے علاقے تکھڑے میں گزشتہ شب شرپسندوں نے مواصلاتی نظام کو نشانہ بناتے ہوئے یوفون ٹاور کو تباہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق، بستی رحمان باڈیانی میں نامعلوم مسلح افراد نے پہلے ٹاور پر اندھا دھند فائرنگ کی اور بعد ازاں اسے آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں ٹاور مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا ہے۔اس بزدلانہ کارروائی کے باعث مقامی آبادی موبائل فون اور انٹرنیٹ جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہو گئی ہے اور پورے علاقے میں مواصلاتی رابطہ منقطع ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور کارروائی مکمل کرنے کے بعد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert