جھل مگسی میں پولیس کی دو چوکیوں پر نامعلوم افراد کا حملہ، سرکاری اسلحہ چھین کر فرار، علاقے میں سرچ آپریشن جاری

جھل مگسی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جھل مگسی کی یونین کونسل صفرانی میں گزشتہ روز شام کے وقت نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی دو چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کی اور چوکیوں پر موجود سرکاری اسلحہ چھین کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس اچانک حملے کے باعث گردونواح کے مکینوں میں سخت خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔واقعے کے فوری بعد مقامی افراد نے آسمان پر ڈرونز کی پروازیں بھی ملاحظہ کیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کے تعاقب یا علاقے کی نگرانی کے لیے فضائی مدد حاصل کی ہے۔ تاہم، اس تمام واقعے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی سیکیورٹی اداروں یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ مقف یا تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ عوامی حلقے اس واقعے کی شفاف تحقیقات اور علاقے میں سیکیورٹی کے مثر انتظامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
