اداکارہ رمشا خان کی خوشحال خان سے شادی کی تصدیق، نجی تصاویر لیک ہونے پر شدید ردعمل


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ رمشا خان نے اداکار خوشحال خان کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے نجی تصاویر کے لیک ہونے پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی نجی تصاویر بغیر اجازت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئیں جو نہ صرف غیر اخلاقی عمل ہے بلکہ ان کی پرائیویسی میں سنگین مداخلت بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ صفحات اور اکاؤنٹس ان کی نجی زندگی کے لمحات کو شہرت اور توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں جسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تصاویر کسی بھی صورت میں عوامی استعمال یا تشہیر کے لیے نہیں ہیں۔
رمشا خان نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنے کی قائل رہی ہیں اور آئندہ بھی اسی اصول پر عمل پیرا رہیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی تمام تصاویر فوری طور پر سوشل میڈیا سے ہٹا دی جائیں اور دوبارہ کسی بھی پلیٹ فارم پر شیئر نہ کی جائیں۔
اداکارہ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی ہے کوئی عوامی خبر نہیں لہٰذا اس کا احترام کیا جائے اور ان کی پرائیویسی کو یقینی بنایا جائے۔ آخر میں انہوں نے مزید تفصیلات مناسب وقت پر شیئر کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert