مسلط حکومت ہر شعبہ زندگی میں ناکام ہو چکی ہے ‘عوام بنیادی سہولیات سے محروم اور بدترین مشکلات کا شکار ہیں، ، پشتونوں کے ساتھ امتیازی سلوک بند کیا جائے ‘ عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیر صدارت ضلع کوئٹہ تحصیل صدر سے مربوط نواں کلی خلجی آباد علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔ جس میں حاجی آدم خان ترہ کئی، محمد نبی ترہ کئی کی قیادت میں87افراد نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ شمولیتی تقریب سے پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرئوف لالا ،مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، ضلعی سینئر معاون سیکرٹری نصیر کاکڑ، ضلع معاون اکرم خلجی اور روزی خان خلجی نے خطاب کیا ۔جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کریم وطنپال نے سرانجام دیئے۔ اس موقع پر نئے ابتدائی یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا نومنتخب کابینہ سے تحصیل صدر کے سیکرٹری نعیم پیر علیزئی نے حلف لیا ۔ تقریب میں صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سندھ آزاد خان خلجی ،ضلع کوئٹہ سینئر معاون سیکرٹری سعید خان کاکڑاور دیگر ضلع کمیٹی ،تحصیل کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ پارٹی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک اور بالخصوص اس صوبے پر مسلط نام نہاد حکومت ہر شعبہ زندگی میں مکمل طو رپر ناکام ہوچکی ہے ، عوام سرومال کے سنگین تحفظ سے دوچار ہیں، قتل وغارت، سٹریٹ کرائمز ، ٹارگٹ کلنگ ، چوری ، ڈکیتی ، منشیات فروشی ودیگر جرائم کی وارداتیں اور سرگرمیاں سرعام جاری ہیں۔ شہریوں کو انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر ہر شعبہ زندگی میں کرپشن ، کمیشن ، پرسنٹ مافیا سرگرم ہیں۔ عوام اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ نہیں۔ پینے کے صاف پانی کی قلت، بجلی وگیس سے محرومی ، تعلیمی اداروں کی زبوں حالی ،علاج ومعالجہ کی سہولیات نہ ہونے ،صحت کے شعبے کی تباہی ، زراعت کے شعبے کی بربادی اور مین شاہراہوں کے مواصلاتی نظام کے درہم برہم ہونے سے زمیندار اور ٹرانسپورٹرز بدترین سمیت تمام عوام بدترین مشکلات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے سے ذہنی کوفت کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب کفایت شعاری کے نام پر عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا گیا۔ حکومت اور حکومتی اراکین ، سرکاری ملازمین کفایت شعاری پر عملدرآمد کرنے سے قاصر ہیں لیکن تمام خمیازہ غریب دکانداروں ،تاجروں ، مزدوروںاور عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالے ویڈیوز سے سرکاری کفایت شعاری کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ مغربی بائی پاس پر ہونیوالے ٹارگٹ کلنگ کے دہشگردانہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے اور پارٹی ہزارہ برداری کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اور خطے کی صوررتحال ایک اہم موڑ پر کھڑی ہے پشتونخواملی عوامی پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کے محبوب چیئرمین اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ ملی مشر محمود خان اچکزئی نے اس صورتحال مسلسل کچھ سالوں سے پیشنگوئی کرتے رہیں لیکن بدقسمتی سے ملک کے حکمرانوں نے اس پر سنجیدگی نہیں دکھائی اور نتیجہ آج سب کے سامنے ہیں اب بھی وقت ہیں کہ خلیج کی جنگ اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ اور جھڑپوں کے خاتمے اور مستقل امن کے لیے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے مستقل اراکین اپنا کلیدی کردارا دا کریں تاکہ اس خطے کے مزید آگ وخون اور انسانوں کے قتل عام سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے شمولیت کرنیوالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سیاست اپنے قوم ، عوام کے بہتر مستقبل اور انہیں محکومی ، غلامی سے نجات دلانے اور قومی اہداف کے حصول کے لیے ہیں ۔ پشتون اس ملک میں آج بھی تیسرے درجے کی شہری کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں آج بھی کاروبار ،روزگار ،تعلیم کے لیے نہیں چھوڑا جارہا ہے ۔ آج بھی شناختی کارڈ جیسے بنیادی دستاویز سے محروم رکھا جارہا ہے جو کہ قابل افسوس ہے ۔ ملک میں پشتون عوام کو افغان کڈوال عوام کے نام پر ہراساں کرنا اور ان کے ساتھ جاری امتیازی، ناروا رویہ کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پشتون بلوچ صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں برابری ناگزیر ہے ۔پشتون سیال قوم کی حیثیت سے اس صوبے میں رہ سکتی ہے لیکن یہاں فارم 47کے نام نہاد نمائندوں اور مسلط حکومتوں نے پشتونوں پر ترقی ،خوشحالی ، روزگار کے تمام دروازے نان نہاد بہانوں سے بند کردیئے ہیں اور پشتونوں کے حقوق ،مال ومتاع پر ہاتھ صاف کیا جارہا ہے جس کا احتساب ہمارے غیور عوام وقت آنے پر ضرور لینگے۔
