’شناختی کارڈ پر میری مرضی کی تصویر لگاؤ ورنہ دفتر بند کرو‘، نادرا کے باہر خاتون کا انوکھا مطالبہ


گجرات(قدرت روزنامہ)صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں نادرا کے مقامی دفتر میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ایک خاتون نے شناختی کارڈ پر تصویر کے لیے انوکھا مطالبہ کر دیا۔
خاتون نے دفتر کے باہر کھڑے ہو کر مؤقف اختیار کیا کہ ان کے شناختی کارڈ پر ان کی مرضی کی تصویر ہی لگائی جائے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ’میں نے شناختی کارڈ بنوایا ہے، اس پر تصویر بھی میری مرضی کی ہونی چاہیے ورنہ دفتر بند کر دیں‘۔


خاتون کے اس غیر روایتی مطالبے کے باعث موقع پر موجود افراد کی توجہ مبذول ہو گئی۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو گیا جہاں صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ خاتون کا مطالبہ بالکل ٹھیک ہے، شناختی کارڈ پر اپنی تصویر دیکھ کر بندے کو خود شرم آتی ہے، سو میں سے ایک بندہ ہی شناختی کارڈ پر اپنی تصویر سے مطمئین ہوتا ہے۔


ایک سوشل میڈیا صارف نے سوال کیا کہ پھر خاتون کا شناختی کارڈ بنا یا نہیں؟


ندیم تنولی کہتے ہیں کہ نادرا والے دنیا کا مہنگا ترین کیمرہ استعمال کر کے ایسی تصویر کھینچتے ہیں کہ بندہ اپنا شناختی کارڈ دیکھ کر خود سے ڈر جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاتون نے فلٹر والی تصویر مانگ کر کوئی گناہ نہیں کیا، بیچاری بس یہ چاہتی تھی کہ اس کا کارڈ ’شناختی‘ کارڈ لگے۔


قیصر زمان نے مشورہ دیا کہ نادرا اچھے کمیرے خرید لے تو بہت سے لوگ خوش ہو جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert