کوئٹہ: بی ایم سی اسپتال سے قتل کا ملزم فرار، 5 پولیس اہلکار معطل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی) اسپتال سے زیر علاج ایک خطرناک قیدی پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کے نتیجے میں غفلت برتنے والے 5 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مفرور قیدی کی شناخت تاج محمد کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے کے لحاظ سے پٹواری تھا اور قتل کے ایک مقدمے میں گرفتار تھا۔ ملزم کو لورالائی جیل سے علاج کی غرض سے کوئٹہ لایا گیا تھا جہاں وہ اسپتال میں زیر علاج تھا۔
قیدی کے فرار ہونے پر محکمہ پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات سیکیورٹی انچارج سب انسپکٹر منظور احمد سمیت پانچ اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔ ان اہلکاروں کے خلاف فرائض میں غفلت برتنے پر بروری تھانے میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی لورالائی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی انکوائری ٹیم تشکیل دے دی ہے جو اس بات کا تعین کرے گی کہ ملزم کو فرار ہونے کا موقع کیسے ملا۔
پولیس نے فرار ہونے والے قیدی تاج محمد کے خلاف بھی الگ سے مقدمہ درج کر لیا ہے اور شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرتے ہوئے اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
