کوئٹہ میں حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری، اعتراضات جمع کرانے کی تاریخوں کا اعلان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضلع کوئٹہ کی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ اور کنوینر حلقہ بندی کمیٹی نے ان مجوزہ فہرستوں کی اشاعت کا اعلان کیا۔
اعلامیے کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات 15 اپریل سے 29 اپریل 2026 تک متعلقہ حلقہ بندی اتھارٹی، یعنی ریجنل الیکشن کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے دفتر میں جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر انہیں اپنے حلقوں کی مجوزہ حلقہ بندیوں پر کوئی اعتراض ہو تو مقررہ مدت کے اندر جمع کروائیں، تاکہ ان پر بروقت غور کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق حلقہ بندی اتھارٹی تمام اعتراضات پر 14 مئی 2026 تک فیصلے جاری کرے گی، جبکہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں 21 مئی 2026 کو شائع کی جائیں گی۔
