تین چار سالوں میں 100 ارب ڈالر ملک سے باہر گئے، تاجروں سے درخواست ہے 30 فیصد پیسہ ہی واپس لے آئیں: وزیر داخلہ محسن نقوی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پچھلے تین چار سالوں میں 100 ارب ڈالر پاکستان سے باہرگئے ہیں، تاجروں سے درخواست ہے 30 فیصد پیسہ ہی واپس لے آئیں، تاجر اگر آج فیصلہ کرلیں تو بجٹ سے پہلے 10 ارب ڈالر آجائیں گے۔
کراچی میں فیڈریشن ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ روشن اکاؤنٹ موجود ہیں، بجٹ سے پہلے اپنی رقوم لےکر آئیں، پاکستان جو منافع دیتا ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں ملےگا، آپ کو کاروباری ماحول ملےگا، تاجروں کے ویزوں سے متعلق جلد تجاویز وزیراعظم کو پیش کریں گے، ہمیں اپنے ملک کو سنوارنا ہے،مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے معاملات کو بزنس فرینڈلی کریں گے، فیلڈ مارشل کوئی بات کرتے ہیں یا زبان دیتے ہیں تو اس کو پورا کرتے ہیں، ایک یا دو فیصد لوگوں کی وجہ سے پوری بزنس کمیونٹی کو سزا نہیں دے سکتے، پچھلے تین چارسالوں میں 100 ارب ڈالر پاکستان سے باہرگئے ہیں، پیسہ باہرکیسے گیا اس پربات نہیں کرتے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے پتا نہیں لگایا جاسکتا تو کراچی میں ایک دو بندوں کو اٹھانے کی دیر ہے سارا کچھ پتا چل جائےگا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم نہیں کہتےکہ دبئی یا باہرپڑے ہوئے سارے واپس لے آئیں، روشن اکاؤنٹ کے تحت باہرپڑا ہوا 20 یا 30 فیصد پیسہ واپس لے آئیں، اگر آپ 20 یا 30 فیصد پیسہ پاکستان واپس لائیں گے تو وہ 10 ارب ڈالر سے زیادہ ہوجائےگا۔

WhatsApp
Get Alert