روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ: لاہور سے پہلی پرواز کے انتظامات مکمل، حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور سے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت پہلی پرواز کے انتظامات کا حتمی جائزہ لینے کے ساتھ مجموعی حج آپریشن کی تیاریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے ہدایت کی کہ عازمین حج کی روانگی سے قبل مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ حجاج کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین حج کی بہترین میزبانی کو یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون ضروری ہے جبکہ وزارت کے حاجی کیمپوں میں تربیت، ویکسینیشن، تحائف کی تقسیم اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ امسال خدام الحجاج کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ عازمین کو بہتر رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عازمین حج خدام الحجاج کی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہو۔
انہوں نے سعودی وزیر حج اور سعودی سفیر کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert