بین الصوبائی شاہراہوں پر سیکیورٹی کے نام پر عوام کی تضحیک و تذلیل قابل مذمت، مسافروں کو بلاجواز روکنا شہری حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اداروں کی جانب سے بین الصوبائی وبین القومی شاہراہوں پر سیکورٹی کے نام پر عوام کی تضحیک وتذلیل کا عمل قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل خان، کوئٹہ ڈیرہ غازی خان،کوئٹہ چمن اور کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسافروں کو درپیش مشکلات انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت ہیں۔ آئے روز شہریوں کو غیر ضروری طور پر گاڑیوں سے اتارنا، تلاشی کے نام پر تضحیک آمیز رویہ اپنانا، بلاجواز گاڑیوں کو روکنا اور گھنٹوں انتظار کروانا نہ صرف انسانی وقار کے خلاف ہے بلکہ بنیادی شہری حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔دوسری جانب آئے روز احتجاج کی آڑ میں اس شہری گھنٹوں گھنٹوں مسافرحضرات، خواتین، بچے، مریض،طلباء سمیت ٹرانسپورٹرز اذیت سے دوچار ہورہے ہیں۔مذکورہ شاہراہوں پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں مسافرسفر کرتے ہیں۔ عوام کو سہولت دینے کے بجائے انہیں ذہنی اذیت اور مشکلات سے دوچار کرنا کسی بھی مہذب معاشرے کے اصولوں کے منافی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مسائل نہ صرف عوامی بے چینی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں بلکہ ریاستی اداروں پر اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے کیونکہ عوام کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے نہ کہ انہیں مشکلات اور تضحیک کا سامنا کروانا۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیکورٹی کے نام پر عوام کی عزتِ نفس مجروح کرنے کے عمل کو ترک کیا جائے یہ ناروا عمل کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ غیر ضروری تلاشی اور مسافروں، شہریوں کو انتظار کرانے کا خاتمہ کرکے تمام غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے اور اسی طرح اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ مہذب اور باوقار رویہ اپنانے کی سختی سے ہدایت دی جائے۔

WhatsApp
Get Alert