مہنگائی، گیس اور بجلی کی قلت کے خلاف 17 اپریل کو کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا، 19 اپریل کو اسکول داخلہ مہم کا جلوس نکالا جائے گا، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی ایگزیکٹوز کا ایک اہم اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کی تنظیمی صورتحال، عوام کو درپیش سنگین مسائل، مہنگائی کی بڑھتی ہوئی شرح، بنیادی سہولیات کی کمی اور آئندہ احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں خصوصاً 17 اپریل بروز جمعہ شام چار بجے منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جو پیٹرولیم مصنوعات کی ہوشربا مہنگائی، گیس کی شدید قلت، گیس پریشر کے بحران اور طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف منعقد کیا جائے گا۔ شرکاء نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ حکومتی نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور غیر سنجیدہ پالیسیوں کے باعث عوام کو بنیادی سہولیات تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کی بندش اور کم پریشر نے گھریلو زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جبکہ بجلی اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور متوسط و غریب طبقہ شدید معاشی دباؤ کا شکار ہو چکا ہے۔ اجلاس میں 19 اپریل بروز اتوار صبح منعقد ہونے والے مظاہرے، جو پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پی ایس او) کی اسکول داخلہ مہم کے سلسلے میں منعقد کیا جائے گا، کی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پارٹی اور پی ایس او کے کارکنان اپنے اپنے علاقوں سے طلبہ و طالبات کے جلوس نکالیں گے اور مرکزی مظاہرے میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اس مہم کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کروانا اور تعلیمی شعور کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹس بھرپور انداز میں ان احتجاجی مظاہروں کی تیاری کریں، کارکنوں کو منظم اور متحرک کیا جائے اور عوام کو درپیش مسائل کے خلاف زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہر یونٹ اپنی سطح پر عوامی رابطہ مہم تیز کرے، لوگوں کو احتجاجی پروگراموں کی اہمیت سے آگاہ کرے اور انہیں اپنے حقوق کے حصول کے لیے متحد اور منظم کرے۔ مقررین نے کہا کہ یہ احتجاجی مظاہرے محض ایک احتجاج نہیں بلکہ عوامی حقوق کی جدوجہد کا اہم حصہ ہیں، جن کے ذریعے عوام کی آواز حکمرانوں تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران طبقہ عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، جس کے باعث عوام میں بے چینی اور اضطراب بڑھتا جا رہا ہے۔ اگر بروقت اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسائل مزید گھمبیر صورت اختیار کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی بھی قسم کی ناانصافی، مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے مسائل کا حل صرف منظم سیاسی جدوجہد اور اجتماعی شعور کے ذریعے ممکن ہے، اور پارٹی اس جدوجہد میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert