اسٹیٹ بینک کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول ہو گئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے لیے بڑی معاشی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 15 اپریل 2026 کی ویلیو ڈیٹ کے ساتھ سعودی عرب کی وزارتِ خزانہ سے 2 ارب امریکی ڈالر موصول ہو گئے ہیں۔
یہ رقم سعودی عرب کی جانب سے منظور کردہ مجموعی 3 ارب ڈالر کی نئی مالی امداد کا حصہ ہے، جس کی باقی ماندہ رقم بھی جلد موصول ہونے کی توقع ہے۔
یہ اہم پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف کے موجودہ دورہ سعودی عرب کے دوران سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان دو گھنٹے طویل اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق یہ 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس سابقہ سالانہ ‘رول اوور’ انتظام کا حصہ نہیں ہیں، بلکہ انہیں طویل مدت کے لیے بڑھایا گیا ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو بڑا سہارا ملے گا اور مالی سال کے اختتام تک ذخائر 18 ارب ڈالر تک پہنچنے کی قوی امید ہے۔
