منظم تنظیم کے بغیر جمہوری مقاصد کا حصول نہایت مشکل ہے، کارکنان اپنے ابتدائی یونٹوں کو فعال اور منظم بنائیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر عبدالقہارخان ودان، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حضرت عمر ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تحصیل صدر، تحصیل سٹی،تحصیل کچلاغ اور تحصیل سریاب میں علاقائی کانفرنسز کو اپریل میں مکمل کرنے، عوامی رابطہ مہم، پارٹی میں شمولیتی پروگراموں کو ترتیب وار شیڈول کرنے اور تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق ہونیوالے فیصلوں کوزیر غور لایا گیا اور اس پر ضلع ایگزیکٹیوز کو اپنے رپورٹس مکمل کرنے اور آئندہ اجلاس میں رپورٹس جمع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منظم تنظیم کے بغیر جمہوری مقاصد کا حصول نہایت مشکل ہے ایک مضبوط اور فعال تنظیم ان مقاصد کو حقیقت میں بدلنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ منظم تنظیم کسی بھی سیاسی یا سماجی جدوجہد کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی بنیاد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے رکھی لیکن یہ جدوجہد خان شہید نے انتہائی کم عمری سے شروع کی تھی۔ آج ہم جس جدوجہد میں شامل ہیں اس تحریک کے اپنے قومی، سیاسی، جمہوری اہداف ہیں جس کے حصول کے لیے پارٹی اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جدوجہد کررہی ہے۔ پارٹی کارکنان اپنے قومی سیاسی جمہوری اہداف کے حصول کے لیے ایک مضبوط اور منظم تنظیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور پارٹی کی جانب سے دی گئی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے انہیں بروقت سرانجام دیں۔ کیونکہ منظم تنظیم نہ صرف لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتی ہے بلکہ انہیں ایک واضح سمت اور حکمتِ عملی بھی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے میں ڈسپلن کا نہ ہونا اس ادارے کی تباہی پر منتج ہوتا ہے اسی طرح تنظیم میں بھی نظم و ضبط لازمی ہے۔ اور منظم تنظیم اور مکمل کورم کے فیصلے ہمیشہ عملی اور مضبوط رہتے ہیں جس سے جاری جدوجہد زیادہ مؤثر بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظم تنظیم، بہترین نظم وضبط اور بااخلاق وباکردار ہونے سے پارٹی صفوں میں عوام کی شمولیت جو ق در جوق ممکن ہوگی۔ پارٹی کا ہر کارکن اپنے علاقے میں نمایاں ہوگا۔جمہوریت میں عوام کی شمولیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور تنظیم اس عمل کو آسان بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تنظیم نہ صرف سیاسی شعور بیدار کرتی ہے بلکہ تربیتی پروگراموں، مباحثوں اور سرگرمیوں کے ذریعے لوگوں میں اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کا احساس پیدا ہوتا ہے جو جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے اور منظم تنظیم جمہوری جدوجہد کو تسلسل اور استحکام فراہم کرتی ہے جو وقتی ردعمل کی بجائے ایک طویل مدتی حکمت عملی کے تحت کام کرتی ہے، جس سے سیاسی اہداف کا حصول ممکن ہو جاتا ہے۔پارٹی کارکنان اپنے ابتدائی یونٹوں کو فعال بناکر ان میں نظم وضبط کو یقینی بنائیں اور ماہانہ اجلاسوں کو بروقت یقینی بناکر عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تگ ودو جاری رکھیں۔
