بلوچستان اسمبلی ‘ ہدایت الرحمٰن بلوچ کے الزمات ‘ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا غیر جانبدار ہونے کا دعویٰ، قانون اور ڈیکورم کی پابندی پر زور


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کو قوانین کے مطابق چلاتا ہوں، غیر جانبدار ہوں مولانا ہدایت الرحمن کو صرف قانون سے متعلق بتایا دھمکی نہیں دی،میرا لہجہ تلخ نہیں ہے، مولانا ہدایت الرحمن عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کر لیں، ایوان میں بار بار کورم کی نشاندہی اچھی بات نہیں ہے ۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے اکثر ارکان کو قوانین سے متعلق معلوم نہیں ہے مولانا ہدایت الرحمن اڑھائی سال سے اجلاس میں رخنہ ڈالتے ہیں اور اجلاس کو ایجنڈے کے مطابق نہیں چلنے دیتے انہیں چاہیے کہ وہ اخلاقیات ، قوانین اور اسمبلی کے ڈیکورم کا خیال رکھیں لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اسمبلی قوانین کے برعکس ان کی بات سن کر چلے ۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ان کے غیر پارلیمانی الفاظ حذف کردئیے اور انہیں ایک دن کے لیے معطل بھی کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں جب بھی سنجیدہ نوعیت کے معاملات آئے ہیں اس پر کبھی کسی کو نہیں روکا۔ایک سوال کے جواب میں اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن کو دھمکی نہیں دی بلکہ قوانین بتائے کہ انہیں ایک دن، تین دن اور ایک ماہ کے لیے قانون کے تحت معطل کیا جاسکتا ہے تاکہ وہ قوانین کی پاسداری کریں وزیراعلیٰ نے بھی مولانا ہدایت الرحمن کی طرف سے معذرت کی ۔انہوں نے کہا کہ میرا لہجہ تلخ نہیں ہے ارکان کو چاہیے کہ وہ قوانین کے مطابق چلیں آج اسمبلی کی خواتین ارکان سے بھی ڈپٹی اسپیکر کی سربراہی میں ملاقات ہوئی ہے انہیں بھی بتایا کہ جس رکن نے بھی بات کرنی ہو کہ وہ اپنے نام کی پرچی مجھے بھجیں لیکن کچھ ممبران براہ راست اٹھ کر بات کرنے لگتے ہیں خواتین ارکان کا کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ارکان اسمبلی اجلاس میں اپنی بات رکھ کر چلے جاتے ہیں جس کے بعد ایوان خالی ہوتا ہے اسپیکر کے طور پر غیر جانبدار ہوں لیکن ہمیشہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دیا تاکہ وہ اپنی بات کریں اور حکومت سے کہا کہ وہ اپنی بات کابینہ یا متعلقہ فورمز پر کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن عدم اعتماد کا شوق پروا کرلیں ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بار بارکورم کی نشاندہی ہونا اچھی بات نہیں ہے ۔

WhatsApp
Get Alert