ترکیہ میں اہم سفارتی سرگرمیاں: وزیراعظم شہباز شریف اور حاقان فیدان کی ملاقات، امریکا ایران امن معاہدے کی کوششیں تیز

انطالیہ(قدرت روزنامہ)ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری عالمی سفارتی سرگرمیوں کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی بدلتی صورتحال، خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی طاقتیں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے نئے دور کے لیے متحرک دکھائی دیتی ہیں۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ ملاقات انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہوئی، جہاں دنیا بھر کے رہنما اور اعلیٰ حکام 17 سے 19 اپریل تک عالمی چیلنجز اور غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے موضوع پر جمع ہو رہے ہیں۔ فورم اس سال “مستقبل کی سمت اور غیر یقینی حالات کا نظم” کے عنوان کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر ترکیہ، پاکستان، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کی اہم ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور امریکا ایران مذاکرات کے اگلے مرحلے پر مشاورت کی جائے گی۔ اطلاعات ہیں کہ امریکا اور ایران کے مذاکراتی وفود دوبارہ اسلام آباد آ سکتے ہیں تاکہ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی حتمی معاہدے تک پہنچا جا سکے۔
At the gracious invitation of my dear brother, President Recep Tayyip Erdoğan, I have arrived in the beautiful and vibrant city of Antalya among dear friends to attend the Antalya Diplomacy Forum.
I look forward to meaningful engagements with fellow leaders as we work together… pic.twitter.com/FLezHI2MqK
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 16, 2026
واضح رہے کہ حالیہ مذاکرات کے پہلے دور میں کوئی حتمی پیشرفت نہ ہو سکی تھی، تاہم دونوں فریقین کی جانب سے بات چیت جاری رکھنے کے اشارے دیے گئے ہیں۔ اس تناظر میں پاکستان، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کا کردار نہایت اہم ہوتا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان اپنے 2 روزہ دورے کے دوران قبل ازیں سعودی عرب اور قطر کا دورہ کر چکے ہیں، اور اس کے بعد ہی ترکیہ پہنچے ہیں۔
