بشریٰ بی بی کی قانونی طریقے سے رہائی کے لیے کوششیں تیز: بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو مذاکرات اور لچک دکھانے پر قائل کر لیا؛ متنازع بیانات اور سوشل میڈیا پیغامات سے گریز کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے باقاعدہ اور تیز تر کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، بیرسٹر گوہر نے اعتماد سازی کی غرض سے بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور کوٹ لکھپت جیل میں قید اسیر رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جس میں انہوں نے فیملی کو مذاکرات کرنے اور لچک کا مظاہرہ کرنے پر قائل کر لیا ہے۔ اس مفاہمت کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی کی فیملی اب جیل کے باہر کسی قسم کی متنازع گفتگو نہ کرنے پر رضامند ہو گئی ہے، جبکہ بشریٰ بی بی کی فیملی بھی ان سے متعلق کوئی متنازع سوشل میڈیا پیغامات جاری نہیں کرے گی اور نہ ہی پارٹی اس حساس معاملے پر کوئی متنازع پریس کانفرنس کرے گی۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کو مکمل طور پر قانونی طریقہ کار کے تحت یقینی بنایا جائے گا اور کوٹ لکھپت جیل میں قید دیگر رہنماؤں کی اپیلوں پر بھی جلد سماعت متوقع ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کوٹ لکھپت جیل کے دورے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نورین نیازی سے بھی ایک طویل ملاقات کی ہے۔ اس عمل کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اگلے ہفتے بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے مشترکہ ملاقات کریں گے تاکہ انہیں آئندہ کے لائحہ عمل پر مکمل طور پر اعتماد میں لیا جا سکے۔
