بشریٰ بی بی کئی دنوں سے شدید تکلیف میں مبتلا اور ایک آنکھ کی بینائی کھو چکی تھیں،آپریشن کے بعد جیل واپس منتقلی نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے،مریم ریاض وٹو


لاہور (قدرت روزنامہ) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو کا کہنا ہے گزشتہ روز اچانک خاندان کو صبح 9 بجے بشریٰ عمران سے ملاقات کے لیے بلایا گیا، بغیر کسی وضاحت کے۔ تاہم مجھے پہلے ہی مستند ذرائع سے معلوم ہو رہا تھا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے اور ممکنہ طور پر انہیں سرجری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
اپنے ایکس بیان میں انہوں نے بتایا جب اہلِ خانہ ان سے ملنے پہنچے تو معلوم ہوا کہ انہیں اسپتال سے واپس لایا جا رہا تھا ، وہ رات بھر ایک سرجری سے گزری تھیں۔کئی دنوں سے وہ شدید تکلیف میں مبتلا تھیں اور ایک آنکھ کی بینائی بھی کھو چکی تھیں، لیکن افسوس کہ ڈاکٹر کو صرف ایک دن پہلے بلایا گیا۔ جب بالآخر معائنہ ہوا تو ڈاکٹروں نے فوری خطرے کی نشاندہی کی۔ ریٹینا الگ ہونے کے باعث ان کی بینائی مکمل طور پر متاثر ہو چکی تھی اور فوری آپریشن ناگزیر تھا۔اب وہ ایک بڑے آنکھ کے آپریشن سے گزر چکی ہیں۔چند ہفتے قبل، میں نے ان کی جیل میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی وارننگز بھی شیئر کی تھیں کہ انہیں فوری لیزر ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہے، بصورت دیگر ریٹینا الگ ہونے کا خطرہ ہے۔ لیکن گزشتہ دو ماہ سے اہلِ خانہ کی ملاقاتوں پر پابندی تھی، جس کے باعث ان کی صحت کے بارے میں کوئی تازہ معلومات دستیاب نہیں تھیں۔
مریم ریاض وٹو نے مزید کہا یہ سرجری مسلسل دیکھ بھال اور ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی کی متقاضی ہے۔ تو پھر انہیں جیل واپس کیوں منتقل کیا گیا ۔ ایک ایسے سیل میں جہاں حشرات کی بھرمار ہے؟ ان حالات میں وہ انفیکشن سے کیسے محفوظ رہ سکتی ہیں؟ذرا ایک لمحے کے لیے تصور کریں، جب ہماری آنکھ میں معمولی سی چیز بھی چلی جائے تو ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہے۔ وہ ایک بڑی آنکھ کی سرجری سے گزری ہیں اور اب وہ تنہا ہیں، بغیر کسی دیکھ بھال اور سہولت کے۔یہ صورتحال نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔

WhatsApp
Get Alert