شاہ رخ خان کیساتھ پرفارمنس کیریئر کا خوبصورت اور یادگار تجربہ تھا: اداکارہ ریما خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی معروف و سینئر اداکارہ ریما خان نے ماضی میں شاہ رخ خان کے ساتھ پرفارمنس کو اپنےکیریئر کے خوبصورت اور یادگار تجربات میں سے ایک قرار دیا۔
پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی معروف و سینئر اداکارہ ریما خان نے جیو پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری، اپنےکیریئر کے مختلف ادوار، دورہ بھارت اور ماضی کی چند یادوں پر گفتگو کی۔
جیو کے پوڈکاسٹ میں میزبان مبشر ہاشمی نے ریما خان سے ماضی کی ایک یادگار پرفارمنس کے حوالے سے سوال کیا۔
مبشر ہاشمی نے اس دور کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا کہ جب ریما خان اور ہمایوں سعید نے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ پریٹی زنٹا کے ساتھ لندن میں اسٹیج پر پرفارم کیا تھا تو وہ تجربہ کیسا تھا۔
اس سوال کے جواب میں ریما خان نے اس لمحے کو اپنے کیریئر کے خوبصورت اور یادگار تجربات میں سے ایک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ عزت سے نوازا ہے اور انہیں آج بھی بالی ووڈ کا کنگ کہا جاتا ہے اور ان کے ساتھ پرفارم کرنا ایک خوشگوار تجربہ رہا۔
ریما خان نے اپنے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی انڈسٹری کے باقی سب اداکاراؤں کو خود سے بہتر سمجھتی ہیں کیونکہ ان کا مقابلہ کسی اور سے نہیں بلکہ خود اپنی ذات سے ہوتا ہے۔
ریما خان نے جیو پوڈ کاسٹ میں اسٹیج پر پرفارمنس سے پہلے شاہ رخ خان سے ہوئی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان، پریتی زنٹا، ہمایوں سعید اور ریما خان نے 2005ء کے زی سینما ایوارڈز میں مل کر فلم ’ویر زارا‘ کے گانے پر پرفارمنس دی تھی جسے شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert