کوئٹہ کی سڑکوں پر ون ویلنگ کا جان لیوا کھیل، 107 موٹرسائیکلیں ضبط، خطرناک رجحان پر قابو پانے کے لیے حکومتی سطح پر مستقل اور ٹھوس حکمت عملی کا فقدان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ایس ایس پی ٹریفک مرزا بلال حسن کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ ٹریفک پولیس نے شہر میں ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈان شروع کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران اب تک 107 سے زائد ایسی موٹر سائیکلوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے جنہیں خطرناک کرتب دکھانے اور ون ویلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق یہ کارروائی خاص طور پر ایئرپورٹ روڈ، کچلاک بائی پاس اور دیگر ملحقہ علاقوں میں کی جا رہی ہے، جہاں نوجوان اکثر اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ون ویلنگ کرتے پائے جاتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مہم کا بنیادی مقصد انسانی جانوں کا تحفظ اور سڑکوں پر عوامی سلامتی کو یقینی بنانا ہے، کیونکہ یہ جان لیوا کھیل کئی حادثات کا سبب بن رہا ہے۔مزید برآں، ٹریفک پولیس کی جانب سے ایف ایم ٹریفک ریڈیو کے ذریعے باقاعدہ آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
جس میں والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں ٹریفک قوانین کی پاسداری کی تلقین کریں۔ ایس ایس پی ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی اور عوامی شاہراہوں کو ریس کورس بنانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
