پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر مجرمانہ مہم بے نقاب، لیفٹننٹ جنرل حسن خٹک کے خلاف مہم چلانے والے اکاؤنٹس کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں سوشل میڈیا پر پاک فوج کے افسران کے خلاف مجرمانہ مہم سامنے آئی ہے، جس میں لیفٹننٹ جنرل حسن خٹک کی مبینہ گرفتاری کی خبر کو مکمل طور پر جعلی اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جو اس طرح کے اکاؤنٹس چلا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر ایک منظم انداز میں ایسی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جن کا مقصد پاک فوج کی قیادت اور عوام کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ’اسلام آباد پوسٹ‘ نامی ایک مبینہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور مختلف واٹس ایپ گروپس کے ذریعے یہ دعویٰ کیا گیا کہ لیفٹننٹ جنرل حسن خٹک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ خبر مکمل طور پر من گھڑت اور فیک اور جعلی ہے، جبکہ متعلقہ افسر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔ خبر کو لسانی رنگ دینے کی بھی کوشش کی گئی تاکہ مختلف طبقات میں غلط فہمیاں پیدا کی جا سکیں۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس قسم کی مجرمانہ مہم کے پیچھے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس سرگرم ہیں جو بیرون ملک سے آپریٹ کیے جا رہے ہیں اور ان کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایسے پروپیگنڈے کا مقصد معاشرے میں تقسیم پیدا کرنا، اداروں کے خلاف بداعتمادی بڑھانا اور عوامی سطح پر انتشار کو ہوا دینا ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے جھوٹی خبروں کو لسانی، سیاسی اور سفارتی رنگ دے کر پھیلایا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کی فیک نیوز جدید ہائبرڈ وار کا حصہ ہے جس کا مقابلہ صرف درست معلومات اور قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہے لیفٹننٹ جنرل حسن خٹک کے خلاف اس گھٹیا مہم چلانے والے تمام اکاؤنٹس کے خلاف حتمی اور سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔
