خضدار کے قریب فائرنگ، بلوچستان پولیس کی پہلی خاتون شہید اہلکار ملک ناز سمیت دو اہلکار شہید، متعدد زخمی


خضدار (قدرت روزنامہ) خضدار کے قریب جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیڈی کانسٹیبل ملک ناز نے جامِ شہادت نوش کر لیا جبکہ ایک اور پولیس اہلکار بھی شہید اور متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی کانسٹیبل ملک ناز نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری اور فرض شناسی کی نئی مثال قائم کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں ہیڈ کانسٹیبل سمیع اللہ بھی شہید ہوئے جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
شاہد رند کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے اور ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی۔
معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ شہید لیڈی کانسٹیبل ملک ناز کا خاندان پہلے بھی قربانی دے چکا ہے، ان کے شوہر لیویز فورس میں خدمات انجام دیتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید اپنے پیچھے تین معصوم بچوں کو سوگوار چھوڑ گئی ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert