خبردار، انجانے میں ایک کلک آپ کو بڑے نقصان میں ڈال سکتی ہے! پی ٹی اے کی اہم وارننگ جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جعلی کالز اور ایس ایم ایس کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کر دیا۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری اسکیم الرٹ میں شہریوں سے کہا گیا کہ وہ جعلی کالز اور ایس ایم ایس سے ہوشیار رہیں، اسکیمرز ان کی ذاتی معلومات چوری کرنے کیلئے خود کو پی ٹی اے، بینک یا کورئیر سروسز کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں۔

الرٹ میں کہا گیا کہ کبھی بھی اپنا شناختی کارڈ نمبر، او ٹی پی یا پاس ورڈ ہرگز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور نامعلوم یا مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں۔

پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی فراڈ یا جعلی پیغام کی شکایت complaint.pta.gov.pk یا PTA CMS APP (گوگل پلے یا ایپل اسٹور) کے ذریعے رپورٹ کریں۔

گزشتہ روز پی ٹی اے نے جعلی سمز کے اجرا سے بچنے کیلئے ہدایت نامہ جاری کیا تھا کہ چوک چوراہوں، بازاروں سے مفت سم نہ لیں اور نئی سم موبائل کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر یا فرنچائز سے لیں۔

اس میں کہا گیا تھا کہ شہری یہ یقینی بنائیں کہ آپ کی اجازت کے بغیر کوئی سم آپ کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نہ ہو، مفت سم کے لالچ میں اپنی بائیو میٹرک تصدیق نہ کروائیں، دھوکا دہی سے آپ کے نام پر دوسری سم بھی جاری ہو سکتی ہے۔

پی ٹی اے نے یہ بھی کہا تھا کہ شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ اضافی اور غیر استعمال شدہ سمز کو فوری طور پر بلاک کروائیں۔

WhatsApp
Get Alert