لندن میں فضا علی کا وائرل منظر دوبارہ دہرانا، سوشل میڈیا پر نئی تنقید کا طوفان

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، ماڈل اور میزبان فضا علی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز بن گئی ہیں۔ حال ہی میں تیسری شادی کے بعد وہ اپنی نئی زندگی کو بھرپور انداز میں انجوائے کر رہی ہیں اور اپنے شوہر اعجاز خان کے ساتھ مختلف لمحات شیئر کر رہی ہیں، تاہم ایک بار پھر ان کا انداز تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔
چند روز قبل ایک لائیو شو کے دوران اعجاز خان نے فضا علی کو اٹھایا تھا، جس کا کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ اس منظر کو کئی لوگوں نے نامناسب قرار دیا اور یہاں تک مطالبہ کیا گیا کہ ان کے شو پر پابندی عائد کی جائے۔ بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد فضا علی کو باقاعدہ معذرت بھی کرنا پڑی۔
تاہم معاملہ اس وقت دوبارہ گرم ہو گیا جب فضا علی نے اسی وائرل لمحے کو لندن میں دوبارہ دہرا دیا۔ اس بار یہ منظر شہر کی مصروف سڑک پر مشہور مقام ہیروڈز کے سامنے فلمایا گیا، جہاں انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ وہی انداز اپنایا جو پہلے تنقید کا باعث بن چکا تھا۔
یہ ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ایک بار پھر سخت ردعمل دیا۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی عمل کو پہلے ہی نامناسب قرار دیا جا چکا ہو تو اسے دوبارہ دہرانا سمجھ سے بالاتر ہے، چاہے وہ پاکستان میں ہو یا بیرون ملک۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس سوال کو جنم دے رہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی خواہش میں حدود کہاں تک قائم رکھی جاتی ہیں، اور کیا عوامی شخصیات کو اپنے رویوں کے اثرات کا زیادہ احساس ہونا چاہیے یا نہیں۔
