کامران کی غلط فہمی دور کر دی ہے، وہاب ریاض

پشاور (قدرت روزنامہ)پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی میں بہت عزت ملتی ہے اس لیے چھوڑنے کا نہیں سوچا،جبکہ وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کہتے ہیں کہ میری پلیئرکیٹیگری میں فرنچائز کا کوئی کردار نہیں ہے۔
کپتان پشاور زلمی وہاب ریاض نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دنیا بھر کی لیگز کھیلی ہیں، وکٹیں لی ہیں، زلمی ٹیم ایک فیملی کی طرح ہے، زلمی کا مجھ پر یقین ہے، کبھی چھوڑنے کا سوچا نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کامران اکمل پشاور زلمی کا حصہ ہیں ، معمولی غلط فہمی ہوگئی تھی جو دور کر دی ہے، فیملی میں ناراضی ہوتی ہے ، بچہ ناراض ہوجائے تو گھر چھوڑ کر نہیں جاتا۔
دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے کہاکہ یہ ناراضی چلتی رہتی ہے ،میرا پشاور زلمی کے ساتھ سلسلہ چلتا رہے گا، کیٹیگری میں فرنچائز کا کوئی کردار نہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ پی سی بی سے کہوں گا کیٹیگری پرفارمنس پر ہونی چاہیے ۔