قلعہ سیف اللہ میں سیلاب سے تباہی، متاثرین حکومتی ریلیف کے منتظر، مولانا عبدالواسع کا دورہ اور صوبائی حکومت سے ہنگامی امداد و شفاف سروے کا مطالبہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ ضلع قلعہ سیف اللہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بندات موسیٰ زئی، بندات فتوزئی، میرزئی، اسماعیل زئی اور دیگر متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ اور پی ڈی ایم اے کے حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مولانا عبدالواسع نے متاثرین کے مسائل سنے اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں مکانات، فصلیں اور بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے جبکہ ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں، تباہ شدہ گھروں کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے اور بے گھر افراد کے لیے عارضی رہائش کا مؤثر انتظام کیا جائے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ زرعی نقصانات کا شفاف انداز میں تخمینہ لگا کر کسانوں کو بروقت اور مناسب معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے معاش کو بحال کر سکیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سڑکیں، پینے کا صاف پانی، بجلی اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امدادی سرگرمیوں میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور تمام متاثرین تک بلا امتیاز اور بروقت مدد پہنچائی جائے تاکہ کسی بھی متاثرہ خاندان کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ مولانا عبدالواسع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ متاثرین کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور ان کی مکمل بحالی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert