ریٹائرڈ بلدیاتی ملازمین کو پنشن کی عدم ادائیگی پر کے ایم سی اور ٹاؤنز کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی تنبیہ

سرکاری وکیل کی درخواست پر عدالت نے فریقین کو 2 ہفتوں کی مہلت دے دی


کراچی(قدرت روزنامہ)بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن واجبات کی عدم ادائیگی پر سندھ ہائیکورٹ نے حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق میئر کراچی و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سرکاری وکیل کی استدعا پر 2 کی مہلت دیتے ہوئے کے ایم سی اور ٹی ایم سیز سے اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب کرلیں۔
جسٹس عدنان الکریم میمن کی سربراہی میں 2 رکنی آئینی بینچ کے روبرو بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق میئر کراچی و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف دیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے مئی 2025 میں پنشنری واجبات کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔ ساتھ ہی عدالت نے فنانس ڈپارٹمنٹ کو فنڈز کی کمی پورا کرنے کا بھی حکم دیا تھا اور کے ایم سی کو 2 برس تک پنشن کی ادائیگی جاری رکھنی تھی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود پنشن کی ادائیگی مکمل طور پر رکی ہوئی ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کے ایم سی اور ٹی ایم سیز سے اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب کرلیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کے ایم سی اور ٹی ایم سی کے اکاؤنٹس منجمد ہونے چاہییں۔ عدالتی احکامات کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن نہیں دی گئی ہے۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کچھ مہلت دی جائے تو درخواستگزاروں کے واجبات کی ادائیگی کردی جائے گی۔ سرکاری وکیل کی یقین دہانی پر عدالت نے فریقین کو 2 ہفتوں کی مہلت دیدی۔
عدالت نے تنبیہ کی 2 ہفتوں میں واجبات کی ادائیگی نہ کی گئی تو اکاؤنٹس منجمد کردیں گے۔

WhatsApp
Get Alert