بولان میڈیکل یونیورسٹی سے گرفتار لڑکی کے خلاف دہشتگرد معاونت کے شواہد موجود تھے: بابر یوسفزئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومتِ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز سے گرفتار ہونے والی لڑکی کے خلاف دہشتگردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے واضح شواہد موجود تھے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مبینہ طور پر سہولت کاری سے متعلق شواہد سامنے آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کے مطابق مذکورہ لڑکی کو قوانین کے تحت انٹرنمنٹ اور ڈٹینشن سینٹر میں رکھا گیا ہے۔
بابر یوسفزئی نے بتایا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے حراست کے احکامات گزشتہ روز جاری کیے گئے تھے اور اہلِ خانہ کو بھی قانونی تقاضوں کے مطابق اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام کارروائی مکمل طور پر قانون اور ایس او پیز کے مطابق کی جا رہی ہے اور معاملہ قانونی دائرہ کار میں ہینڈل ہو رہا ہے۔
معاون برائے داخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
