شاہین شاہ کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگی نہ ملنے پر پاکستانی شائقینِ کرکٹ حیران

لاہور (قدرت روزنامہ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو مینز ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر 2021ء کے ایوارڈ کے لیے نامزد افراد کی فہرست میں شامل نہ کر کے پاکستان میں کرکٹ شائقین کو حیران کردیا۔ آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلئے سری لنکا کے دیمتھ کرونارتنے، نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن، بھارت کے روی چندرن ایشون اور انگلینڈ کے جو روٹ کو نامزد کیا۔

شائقین کرکٹ کے مطابق پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کا بھی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ سال بہترین رہا ہے۔ سپورٹس جرنلسٹ ساج صادق نے کہا کہ ’حیرت ہے کہ 17.06 کی اوسط سے سال میں 47 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر رہنے والے شاہین شاہ آفریدی کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا‘۔
ایک اور سپورٹس جرنلسٹ ارسلان صدیق نے کہا کہ ’شاہین نے اس سال غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فاسٹ بولر نے صرف نو میچوں میں 47 وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے باوجود ان کا نام نامزدگیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے‘۔