خیبرپختونخواہ حکومت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ان کی اہلیہ مریم نواز کو صحت کارڈ کی سہولت دیدی
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر صوبے کے شہری ہیں لہٰذا ان کو صحت کارڈ کی سہولت حاصل ہے، ان کی اہلیہ ہونے کی بنا پر مریم نواز کو بھی یہی سہولت حاصل ہے؛ صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کی گفتگو

پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ان کی اہلیہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو صحت کارڈ کی سہولت دیدی۔ اس حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر صوبے کے شہری ہیں لہٰذا ان کو صحت کارڈ کی سہولت حاصل ہے، اسی طرح ان کی اہلیہ ہونے کی بنا پر مریم نواز کو بھی یہی سہولت حاصل ہے۔
صوبائی حکومت پر بدعنوانی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الزامات سے بات نہیں چلے گی اگر کسی کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ہم نے 2 سال میں صحت کارڈ کی مد میں بڑی رقم خرچ کی ہے، آج بھی گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں یہ کارڈ چل رہا ہے، خیبرپختونخواہ میں صحت کارڈ پر 10 لاکھ روپے اور دوائیں مفت مل رہی ہیں۔
شفیع جان کہتے ہیں کہ ہماری 12 سال کی کارکردگی اور اپنی کارکردگی بھی دیکھ لیں، ہمیں این ایف سی میں اپنا شیئر نہیں مل رہا، خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے عوام اور اس صوبے کا مقدمہ لڑا ہے، سروے اٹھا کر دیکھ لیں کہ خیبرپختونخواہ حکومت کی کارکردگی بہترین ہے، آج پاکستان پیپلز پارٹی کرپشن کی بات کر رہی ہے جو قیامت کی نشانی ہے، سندھ میں بھٹو تو زندہ ہے مگر عوام مر رہے ہیں۔
