بی وائی سی کا مظلومیت کا کارڈ اب بلوچستان میں ناکام ہو چکا ہے‘بابر یوسفزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ بی وائی سی کا مظلومیت کا کارڈ اب بلوچستان میں ناکام ہو چکا ہے۔ آج عدالتی کارروائی کے موقع پر اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر گھسا پٹا بیانیہ دہرا کر عوامی ہمدردیاں سمیٹنے کی ناکام کوشش کی گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب صحافیوں نے گلزادی صاحبہ سے ان پر درج کیسز کی نوعیت کے بارے میں سوال کیا تو وہ خاموش ہو گئیں اور کوئی تفصیل فراہم نہیں کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کیسز ریاست یا حکومت کی طرف سے نہیں بنائے گئے بلکہ ان کی اپنی سرگرمیوں کا نتیجہ ہیں جن سے وہ بخوبی واقف ہیں۔ وکلاء کو عدالت میں پیش ہونے سے روکنے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے بابر یوسفزئی نے کہا کہ حقیقت میں ان کے دفاع کے لیے کوئی تیار نہیں ہے اور ان کے لوگ خود عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔
معاون خصوصی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں مارے جانے والے افراد، بشمول ودود اور سفیان کرد کو شہید قرار دے کر سلام پیش کرنا بلوچستان کے عوام اور بچوں کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبے کی عوام اب ان کی حقیقت جان چکی ہے اور اس جھوٹے بیانیے کو مزید قبول نہیں کیا جائے گا۔ بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام جھوٹوں کو بے نقاب کیا جائے گا کیونکہ بلوچستان کا مستقبل صرف تعلیم اور ترقی میں ہے۔

WhatsApp
Get Alert