کاریزات کو ضلع کا درجہ دینے پر غور، کمیٹی جامع سفارشات مرتب کرے گی؛ فلاحی تنظیموں کی رجسٹریشن اور نگرانی کا عمل شفاف بنایا جائے گا ، وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیرداخلہ بلوچستان و چیئرمین کمیٹی میر ضیاءاللہ لانگو کی زیر صدارت کاریزات کو ضلع کا درجہ دینے سے متعلق حکومتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور رکن بلوچستان اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے ویڈیو لنک کے ذریعے آن لائن شرکت کی، جبکہ پارلیمانی سیکرٹری اسفند یار کاکڑ، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اصغر ترین، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر پشین سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں کاریزات کو ضلع بنانے کے حوالے سے حلقے کے منتخب نمائندوں سے حاصل کردہ تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل شرکاء اور کمیٹی اراکین کی سفارشات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیرداخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی تمام تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد ایک جامع سفارشات مرتب کرے گی تاکہ اس اہم عوامی مطالبے پر موثر پیش رفت کی جا سکے۔
دوسری جانب، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت بلوچستان چیئرٹیز رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن اتھارٹی (بی سی آر اے) کا اہم اجلاس بھی کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی بی سی آر اے قسیم کاکڑ اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ بشیر بڑیچ نے اتھارٹی کی کارکردگی، رجسٹریشن کے عمل اور موجودہ چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ بی سی آر اے کو محکمہ داخلہ کے تحت مزید فعال، مؤثر اور منظم بنایا جائے تاکہ صوبے بھر میں فلاحی تنظیموں کی رجسٹریشن اور ان کی سرگرمیوں کی نگرانی کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور بہتر بنایا جا سکے۔
