کوئٹہ میں سکول وینز اور سوزوکیوں میں خطرناک اوورلوڈنگ، چند روپوں کی خاطر معصوم بچوں کی جانیں داؤ پر، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی مجرمانہ خاموشی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ میں اسکول جانے والے بچوں کی نقل و حمل کیلئے استعمال ہونے والی سوزوکیوں اور وینز میں خطرناک حد تک اوورلوڈنگ کا انکشاف ہوا ہے، جہاں معصوم بچے نہ صرف گاڑیوں کے اندر گنجائش سے زیادہ بھرے جاتے ہیں بلکہ کئی بچے دروازوں اور پچھلی جانب سے لٹک کر سفر کرنے پر مجبور ہیں، جو کسی بھی وقت خوفناک حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
شہریوں اور والدین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات چند اضافی کرایوں کے لالچ میں بچوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ اکثر مقامات پر دیکھا گیا ہے کہ ایک چھوٹی سوزوکی یا وین میں گنجائش سے دوگنا بچے بٹھائے جاتے ہیں، جبکہ حفاظتی اقدامات کا مکمل فقدان ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر یہ خطرناک مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، لیکن متعلقہ ادارے اور حکومت خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر، ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایسے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اوورلوڈنگ پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور بچوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے قبل اس سنگین مسئلے کا سدباب ممکن بنایا جا سکے۔
