وزیراعظم کا بڑا فیصلہ، گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس ملیں گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کے فروغ کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ یہ فیصلہ توانائی کی بچت اور ماحول دوست اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق، اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ ناگزیر ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف تیل کی درآمدی بل میں کمی آئے گی بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کی حفاظت (Energy Security) کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ای وی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد اور سرکاری ملازمین کو دی جانے والی سبسڈی میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے اور اس اسکیم پر عمل درآمد کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں اب تک الیکٹرک موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے لیے 72 جبکہ الیکٹرک کاروں کے لیے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دی کہ اگلے پانچ سالوں میں ملک کی 30 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے سالانہ تقریباً 4.5 ارب ڈالر کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو سکے گی۔ اس مقصد کے لیے ملک بھر میں الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے اب تک 123 درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔
وزیراعظم کے توانائی بچت وژن کے تحت اسلام آباد کیپٹل پولیس میں پہلے ہی 15 ایکو اسمارٹ الیکٹرک گاڑیاں شامل کی جا چکی ہیں۔ یہ گاڑیاں پیٹرول یا آئل کے بغیر مکمل طور پر بیٹری پر چلتی ہیں، جو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، اویس لغاری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
