چینی کمپنی کا بڑے پیمانے پر اڑنے والی کاروں کی تیاری کا اعلان،7 ہزار سے زائد آرڈرز موصول

چین (قدرت روزنامہ)چین کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی ایکس پینگ نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب لانے کی تیاری کرلی ہے۔ کمپنی کے صدر برائن گو نے کہا ہے کہ ایکس پینگ اگلے سال سے اپنی ‘فلائنگ کارز’ (اڑنے والی کاروں) کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کردے گی، جبکہ سن 2026 کی چوتھی سہ ماہی تک انسان نما ‘ہیومنائیڈ روبوٹس’ کی تیاری کا آغاز بھی کردیا جائے گا۔
چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ آٹو شو سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برائن گو نے بتایا کہ کمپنی کو اڑنے والی کاروں کے لیے اب تک 7 ہزار سے زائد آرڈرز موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق چین سے ہے۔ ان کاروں کی باقاعدہ پرواز کے لیے ہوائی بازی کے ریگولیٹرز سے منظوری کا عمل جاری ہے۔
ہیومنائیڈ روبوٹس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ان روبوٹس کو شورومز میں ریسیپشنسٹ اور سیلز اسسٹنٹ کے طور پر تعینات کیا جائے گا، تاہم اگلے 10 سے 20 سالوں میں یہ شعبہ کمپنی کے آٹوموٹو ڈویژن سے بھی بڑا بزنس بن سکتا ہے۔
ایکس پینگ نے اس سال گوانگ زو میں ‘روبو ٹیکسی’ (بغیر ڈرائیور ٹیکسی) کی آزمائش شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اگلے ڈیڑھ سال کے دوران ہزاروں کی تعداد میں روبو ٹیکسیاں تیار کی جائیں گی۔ برائن گو نے جرمن آٹو میکر ‘وولکس ویگن’ کے ساتھ اشتراک کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیگر عالمی اداروں کے ساتھ بھی شراکت داری کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ایکس پینگ اس وقت دنیا کے 60 ممالک میں کام کررہی ہے اور گزشتہ برس کمپنی کی آمدنی کا 15 فیصد بین الاقوامی منڈیوں سے حاصل ہوا تھا۔ کمپنی کا ہدف ہے کہ اگلے 5 سے 10 سالوں میں اس کی نصف سے زائد آمدنی چین سے باہر کی مارکیٹوں سے حاصل ہو، جس کے لیے عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے ٹیسٹ اور نیٹ ورک میں تیزی سے اضافہ کیا جا رہا ہے۔
