الرجی کی کھانسی میں ان گھریلو علاج کو آزمائیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موسم کے بدلنے پر ہونے والی کھانسی اگر تین ہفتوں سے زیادہ رہے تو یہ الرجی یا سانس کی تکلیف کی جانب اشارہ کرتی ہے .
اگر آپ کی کھانسی الرجی کی وجہ سے ہے تو یہ جانے میں وقت ضرور لے گی کیونکہ الرجی سے ہونے والے کھانسی موسم یا دھول مٹی اڑنے سے پیدا ہوتی ہے یہ سب فوری تبدیل نہیں ہوسکتا تو اس لئے اسے دور کرنے کے لئے وقت درکار ہوتا ہے .

اکثر دیکھا گیا ہے لوگوں کی اکثریت اس طرح کی کھانسی کےلئے ادویات کے بجائےگھریلو علاج کو ترجیح دیتی ہے . یہاں ایسے ہی چند کار آمد گھریلو علاج تجویز کئے جارہے ہیں جو آپ کو اس بیماری سے نجات دینے میں مدد فراہم کریں گے .

شہد

کھانسی کے لئے شہد سے بہتر کوئی دوا نہیں، خشک کھانسی کے لئے ایک چائے کا چمچ شہد میں چند دانے کالی مرچ پیس کرملائیں اور رات سونے سے قبل استعمال کریں، کوشش کریں کہ شہد لینے کے دو سے تین گھنٹے تک کھانے پینے سے دور رہیں . یہ خشک کھانسی کے لئے بہترین علاج ہے .

سونف اور دھنیہ

خشک کھانسی کے لئے یہ ایک ایسا نسخہ ہے جسے آپ پنساری سے تیار کروالیں یا چاہیں توخود گھر پر بھی بناسکتے ہیں . اس کے لئے جو اجزاء درکار ہیں ان میں دھنیہ کا مغز پانچ تولہ، سونف کا مغز پانچ تولہ، خشخاص پانچ تولہ، شکر پانچ تولہ ان سب کو بریک پیس لیں یہ ایک سفوف ساتیار ہوجائے گا .

اس سفوف کو ایک چائے کا چمچ صبح اور شام کو نیم گرم دودھ یا نیم گرم پانی سے ساتھ استعمال کریں، خشک کھانسی کے لئے یہ آزمودہ علاج ہے .

منقہ

منقہ جو بڑی بیج والی کشمش ہوتی ہے اپنے اندر کئی بیماریوں کے لئے مسیحائی خواص رکھتی ہے .

منقہ کے بیج نکال کراس میں خشخاص ہم وزن ملائیں اور اچھی طرح کوٹیں جب یہ دونوں یک جاں ہوجائیں تو ان کی مٹر کے برابر گولیاں بنالیں، ایک ایک گولی صبح، دوپہر اوررات میں نیم گرم پانی کے ساتھ استعمال کریں . لیکن اس دوران تلی ہوئی، کھٹی اور ٹھنڈی غذاؤں سے مکمل پر ہیز کریں .

ہلدی ملا دودھ

یہ علاج گلا صاف کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتا، لیکن اس کا استعمال موسم سرما کے آغاز میں کیا جائے تو بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں . اس کے لئے ایک گلاس نیم گرم دودھ میں آدھا چمچ ہلدی ڈال کر رات سوتے وقت استعمال کریں اس طرح موسم بدلنے پرکھانسی قریب بھی نہیں آئی گی .

. .

متعلقہ خبریں