کویت: فرقہ وارانہ فتنہ انگیزی اور قومی سلامتی کے خلاف سازش پر 17 ملزمان کو 3 سال قید کی سزا، ایک ملزم 10 سال کے لیے جیل روانہ

کویت سٹی(قدرت روزنامہ)کویت کی سٹیٹ سکیورٹی کرمنل کورٹ نے ملک میں فرقہ وارانہ فتنہ انگیزی، جھوٹی خبریں پھیلانے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات کے تحت 17 ملزمان کو 3، 3 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ کویتی اخبار ’’القبس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق، اسی کیس میں فوجداری عدالت نے ایک اور مرکزی ملزم کو دو مختلف مقدمات میں 10 سال قید کی سخت سزا بھی سنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عدالت کی جانب سے یہ فیصلے ایک عوامی اجلاس کے دوران سنائے گئے جس میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ اس موقع پر ملزمان کے اہلِ خانہ بھی منظم انداز میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران، سٹیٹ سکیورٹی کورٹ نے کیس میں نامزد 109 ملزمان کو سزا دینے سے گریز کیا اور شواہد کی عدم دستیابی پر 9 دیگر ملزمان کو باعزت بری کرنے کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ ان تمام افراد پر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے، جھوٹی خبریں پھیلانے اور ریاست کی سلامتی کے خلاف کام کرنے کے الزامات کے تحت مقدمات درج تھے۔
