ایف آئی اے کی خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی، افغان باشندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کا ملزم گرفتار

ملزم کے قبضے سے گاڑی اور موبائل فونز برآمد، نادرا کے عمل کو بائی پاس کرنے اور افغانستان میں موجود انسانی اسمگلرز سے رابطوں کا انکشاف


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی کارروائی افغان باشندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے بلوچستان میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
اس سلسلے میںایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر ویسٹرن بائی پاس، کوئٹہ میں چھاپہ مار کر افغان باشندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ثناء اللہ نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم انسانی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کا حصہ ہے ملزم سے دو موبائل فون برآمد ہوئے جن کی ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران واٹس ایپ پر دیگر انسانی اسمگلرز کے ساتھ روابط سامنے آئے ہیں۔
موبائل فونز میں موجود چیٹس، تصاویر اور ریکارڈز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم افغان مہاجرین کی غیر قانونی منتقلی میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملوث ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے حسین علی مبریز نامی شخص سے بھی روابط پائے گئے، جو مبینہ طور پر افغان باشندوں کی رضاکارانہ واپسی کے دوران نادرا کے عمل کو بائی پاس کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ملزم کے افغانستان کے علاقے اسپن بولدک میں موجود انسانی اسمگلرز سے بھی براہ راست رابطے تھے۔ملزم کی تحویل سیانسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم اس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert