سول ہسپتال کوئٹہ میں چوروں کا راج، سیکیورٹی انتظامات کا پول کھل گیا، غریب مریضوں اور لواحقین کا جینا محال

فریکچر والے معصوم بچے کا علاج کرانے آئے شہری کی موٹرسائیکل غائب، حساس مقام پر وارداتیں سیکیورٹی پر بڑا سوالیہ نشان، فوری کارروائی کا مطالبہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت)بلوچستان کے سب سے بڑے طبی مرکز، سول ہسپتال کوئٹہ میں چوری کی وارداتوں نے غریب مریضوں اور ان کے لواحقین کا جینا محال کر دیا ہے۔ آج ہسپتال کے احاطے سے ایک اور موٹرسائیکل چوری ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس نے سیکیورٹی انتظامات کا پول کھول دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک شہری اپنے معصوم بچے کو، جس کا ہاتھ فریکچر ہو گیا تھا، علاج کے لیے ہسپتال لایا تھا، لیکن جب وہ پٹی اور معائنے کے بعد باہر نکلا تو اس کی موٹرسائیکل غائب تھی۔متاثرہ شہری نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بچہ تکلیف میں تھا اور دوسری طرف چوروں نے سواری پر ہاتھ صاف کر کے پریشانی میں ہزار گنا اضافہ کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سول ہسپتال میں دور دراز سے لوگ انتہائی مجبوری میں آتے ہیں، لیکن یہاں سرگرم چور گروہ غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ متاثرہ شہری نے حکامِ بالا اور ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری طور پر ایف آئی آر درج کر کے چوروں کو گرفتار کرے اور اسے موٹرسائیکل واپس دلائی جائے، کیونکہ ہسپتال جیسے حساس مقام پر ایسی وارداتیں سیکیورٹی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔

WhatsApp
Get Alert