بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ حقیقی جمہوریت کی بحالی اور آئین پر مکمل عمل درآمد ہے، اصغر خان اچکزئی اور محسن داوڑ متفق
اصغر خان اچکزئی سے محسن داوڑ کی قیادت میں وفد کی ملاقات، پشتونوں اور بلوچوں کو درپیش دیرینہ معاشی و قومی مسائل، انتہا پسندی اور بے دخلی پر گہری تشویش

کوئٹہ (ڈیلی قدرت)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی سے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کے مرکزی چیئرمین محسن داوڑ کی قیادت میں ایک وفد نے خان ہاس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت پشتونخوا اور بلوچستان میں پشتونوں اور بلوچوں کو درپیش دیرینہ معاشی و قومی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماں نے خطے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی، دہشت گردی اور مقامی قبائل کو ان کی آبائی اراضی سے بیدخل کرنے جیسے اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے احساسِ بیگانگی کا سبب قرار دیا۔ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ حقیقی جمہوریت کی بحالی اور آئین پر مکمل عمل درآمد میں ہے تاکہ محکوم اقوام میں پایا جانے والا عدم تحفظ کا احساس ختم ہو سکے۔ دونوں جماعتوں نے عزم کیا کہ قومی حقوق کے تحفظ، آئین کی بالادستی اور پائیدار امن کے لیے سیاسی کارکنوں کی جہدِ مسلسل ناگزیر ہے تاکہ غیر جمہوری مداخلت کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند کیا جا سکے۔ وفد میں این ڈی ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری مزمل شاہ اور اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا سمیت دیگر اہم قائدین بھی شریک تھے، جن کے اعزاز میں بعد ازاں اصغر خان اچکزئی نے استقبالیہ بھی دیا۔
