کوئٹہ کے شہری بھی سائبر کرائم کا شکار ہونے لگے، اکاؤنٹ سے 40 لاکھ روپے غائب، بینک کا عملہ بے خبر

نصیر احمد خان دوتانی کا اے ٹی ایم سے رقوم نکالنے پر اکاؤنٹ بیلنس زیرو ہونے کا انکشاف، اسٹیٹ بینک اور وفاقی محتسب میں درخواست دائر


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کوئٹہ کے شہری سائبر کرائم کا شکار ہوکر بڑی رقوم سے محروم ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کوئٹہ کے شہری نصیر احمد خان دوتانی کے الائیڈ بینک علمدار روڈ برانچ کوئٹہ کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے ڈیجیٹل طریقے سے نکال لیے گئے جس سے اکاؤنٹ ہولڈر اور بینک کا عملہ بے خبر رہا۔شہری نصیر احمد خان دوتانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں تقریباً40 لاکھ روپے موجود تھے اور وہ اکثر اے ٹی ایم کے ذریعے اپنی ضرورت کے مطابق وقتاًفوقتاً چھوٹی رقوم نکالتے رہتے تھے گذشتہ روز اے ٹی ایم سے رقم نکالنے گئے تو اکاؤنٹ کا بیلنس (زیرو) تھا جس پر انہوں نے متعلقہ بینک سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ وہ سائبرکرائم کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان کے مطابق اکاؤنٹ سے ڈیجیٹل طریقے سے جتنی بھی ٹرانزکشن ہوئی ہیں ان کا ایم ایم ایس اکاؤنٹ ہولڈر کو موصول نہیں ہوا اور بینک کا عملہ بھی بے خبر رہا۔ نصیراحمد خان دوتانی نے بتایا کہ انہوں نے متعلقہ بینک کے کراچی ہیڈ آفس، اسٹیٹ بینک، وفاقی متحسب کے دفتر میں بحوالہ شکایت نمبر C2204260960کے تحت درخواست دائر کردی ہے بینک سے معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ ملک کے دیگر شہریوں کی طرح کوئٹہ میں بھی اس طرح کے واقعات تیزی سے بڑھتے جارہے ہیں لہٰذا شہری اپنے اکاؤنٹ سے باخبر رہیں تاکہ سائبر کرائم کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert