سعودی عرب، بغیر لائسنس حجاج کی خوراک تیار اور ذخیرہ کرنے پر کروڑ ریال سزا کا اعلان

ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے ادویات اور خوراک کے شعبے کو ایسے احکامات اور ایگزیکٹو ضوابط کا پابند کر دیا ہے جو سرکاری قانونی لائسنس حاصل کیے بغیر حجاج کے لیے مخصوص غذائی اشیا کی تیاری یا ذخیرہ اندوزی نہ کرنے کی شرط رکھتے ہیں۔ ان احکامات کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے ایک کروڑ ریال تک جرمانہ یا دس سال تک قید کی سزائیں مقرر کردی گئی ہے۔
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ۔ جو مملکت میں ادویات اور خوراک کی تنظیم اور نگرانی کی ذمہ دار سرکاری باڈی ہے ۔ کی جانب سے ظاہر کی گئی سزاں میں خلاف ورزی کرنے والے کو 180 دن تک کسی بھی غذائی سرگرمی سے روکنا یا اس سرگرمی کے لائسنس کی منسوخی یا ایک سال سے زیادہ مدت کے لیے اسے معطل کرنا بھی شامل ہے۔
اتھارٹی نے تمام غذائی کارخانوں اور گوداموں کے لیے فوڈ سسٹم کے احکامات اور اس کے ایگزیکٹو ضوابط کی پابندی کرنے اور ضروری قانونی لائسنس حاصل کیے بغیر غذائی مواد تیار کرنے یا ذخیرہ کرنے کی سرگرمی نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اتھارٹی نے حجاج کی خوراک اور دوا کی سلامتی میں سستی برتنے پر خبردار کیا ہے اور کہا کہ مناسک حج ادا کرنے والوں کی خوراک اور دوا کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ اتھارٹی نے کہا قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ۔انتباہات کے تسلسل میں اتھارٹی نے لائسنس یافتہ تنصیب کی حدود سے باہر مصنوعات کو ذخیرہ نہ کرنے، تنصیبات کو بند کیے جانے کے بعد تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور اتھارٹی کی منظوری حاصل کرنے سے پہلے دوبارہ نہ کھولنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
اتھارٹی نے قرار دیا ہے کہ فوڈ سسٹم کے احکامات کی پابندی تعمیل کی سطح بلند کرنے میں مدد دیتی ہے اور گردش میں موجود غذائی مصنوعات کی سلامتی کو بڑھانے کا کام کرتی ہے۔ اتھارٹی نے ساتھ ہی تمام تنصیبات کو متعلقہ قوانین و ہدایات پر عمل کرنے کی دعوت دی ہے اور معاشرے کے افراد سے کسی بھی مشاہدہ کی گئی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
