بلوچستان کو کالونی سمجھنے اور قوم پرستوں کا مینڈیٹ چھیننے سے لگی آگ پر تیل ڈالا گیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

پاکستان کی پارلیمنٹ بے روح ہے، صوبے کی موجودہ حکومت عوام کی نہیں، وسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، نیشنل پارٹی رہنماؤں کا اجلاس سے خطاب

تربت (ڈیلی قدرت) نیشنل پارٹی مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی رہنما و سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل کی جدوجہد میں کسی قسم کا بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے بلوچستان میں لگی آگ اور بد امنی کا حل مزاکرات اور مفاہمتی پالیسی میں ہے۔پاکستان کی پارلیمنٹ بے روح پارلیمنٹ ہے جہاں پارلیمینٹیرین کی کوئی نہیں سنتا ہے نیشنل پارٹی اور دیگر قوم پرست جماعتوں کے مینڈیٹ پر قبضہ کرکے بلوچستان میں لگی آگ پر تیل ڈالا گیا۔یہ بات انہوں نے نیشنل پارٹی تربت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں تحصیل کونسل تربت اور تحصیل کونسل شہرک نے اپنے تنظیمی مسائل و مشکلات اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی بحث ہوئی۔ مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں وفاق اور وفاقی اداروں کا رویہ نامناسب ہے بلوچستان کو کالونی کی طرح دیکھنے سے مسائل مزید پیچیدہ ہورہے ہیں۔ عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے بلوچستان کے سیاسی و قوم پرست جماعتوں کا کے مینڈیٹ کو ریاست اور اس کے ادارے تسلیم کرنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے قومی محرومی میں بے انتہاہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انتخابی عمل میں مداخلت کی وجہ سے عوام کا اعتماد جمہوریت اور اس کے اداروں سے اٹھتا جارہا ہے۔ نیشنل پارٹی کے پارلیمانی رہنما اور سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت نہیں ہوسکتا ریاست اور اس کے جمہوری و آئینی اداروں کی بنیادی زمہ داری ہے کہ عوام میں جمہوریت پر اعتماد کو بڑانے کے لیے ضروری ہے کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مفاہمتی پالیسی اپناتے ہوئے مزاکراتی اور گفت و شنید کے عمل کو شروع کرنے کی ضرورت ہے اور بلوچستان کی قومی و سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی قومی پارٹی ہے نیشنل پارٹی بلوچستان کے سیاسی کارکنوں کا سیاسی مورچہ ہے بلوچستان میں حکومت بلوچستان کے عوام کی نہیں ہے نیشنل پارٹی کے کارکن اپنے عوام سے جڑیں اور پارٹی کو فعال و متحرک کریں۔ اجلاس سے ریٹائر جسٹس شکیل احمد بلوچ، ضلع صدر یونس جاوید، میئر تربت بلخ شیر قاضی، صدر تحصیل طارق بابل، تحصیل نائب صدر طارق بابل اور بہرام موسیٰ نے بھی خطاب کیا۔

WhatsApp
Get Alert