وائٹ ہاؤس کی تقریب میں امریکی صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کی تقریب میں امریکی صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ہفتے کی رات نجی ہوٹل میں وائٹ ہاؤس کے نمائندوں کی سالانہ تقریب کے دوران ایک مسلح شخص نے فائرنگ کی، جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ بال بال بچ گئے، فائرنگ کا واقعہ پیش آتے ہی صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول ملانیا ٹرمپ کو خفیہ سروس کے اہلکاروں نے فوری طور پر تقریب سے نکال لیا، جس کے نتیجے میں صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور کابینہ کے تمام اراکین اس حملے میں مکمل طور پر محفوظ رہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شاٹ گن سے لیس شخص نے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کیا اور ایک ایجنٹ پر گولی چلائی لیکن ایجنٹ حفاظتی لباس کی وجہ سے محفوظ رہا، تاہم گولیوں کی آواز سنتے ہی ہال میں موجود 2 ہزار 600 کے قریب مہمانوں نے چیخنا شروع کر دیا اور لوگ میزوں کے نیچے چھپ گئے، سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر سٹیج کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے صدر ٹرمپ کو جھک کر وہاں سے نکلنے میں مدد دی، سکیورٹی اہلکاروں نے وزیر خارجہ مارکو روبیو و دیگر اعلیٰ حکام کو بھی حفاظت کے لیے زمین پر لیٹنے کی ہدایت کی اور انہیں بحفاظت سے تقریب سے باہر نکال لیا۔
بتایا جارہا ہے کہ جس ہوٹل میں یہ تقریب ہو رہی تھی، وہاں 1981 میں سابق صدر رونالڈ ریگن پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا تھا، امریکی حکام نے بتایا کہ تحقیقاتی ادارے حملہ آور کے پس منظر کا جائزہ لے رہے ہیں، اس بزدلانہ کارروائی کرنے والے شخص پر جلد ہی متعدد دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، زخمی ہونے والا ایجنٹ اور زیرِ حراست حملہ آور دونوں ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

WhatsApp
Get Alert