سی پیک فیز ٹو میں گوادر کی ترقی کو کلیدی اہمیت، بلیو اکانومی، منرل کوریڈور اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے منسلک کرنے کے منصوبوں پر غور

ایسٹ بے ایکسپریس وے کی توسیع کی تجویز، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر اعلیٰ سطحی دوروں کی تیاری، وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس


گوادر (ڈیلی قدرت)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی سربراہی میں آج چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے سے متعلق مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطح آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی، جبکہ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک فیز ٹو (2025-29) کے تحت پیش کیے گئے مختلف منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا، خاص طور پر گوادر کی ترقی سے متعلق تجاویز کو اہمیت دی گئی۔ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق بلوچ نے گوادر کے لیے بلیو اکانومی کے فروغ، مقامی سطح پر صنعتکاری، منرل کوریڈور کے قیام اور گوادر پورٹ کو وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ منسلک کرنے کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ان منصوبوں کو آئندہ سی پیک فیز ٹو میں شامل کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔ اجلاس میں گوادر کے اہم انفراسٹرکچر منصوبے ایسٹ بے ایکسپریس وے کی توسیع (فیز-II) کو بھی زیر غور لایا گیا، جسے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں جاری مختلف شعبوں کے منصوبوں، بشمول مواصلات، توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی اور زراعت کے اقدامات پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے تناظر میں اعلی سطحی دوروں کی تیاری جاری ہے، جبکہ وزیر اعظم پاکستان آئندہ دنوں ان تیاریوں کا حتمی جائزہ لیں گے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ سی پیک فیز ٹو کے ایکشن پلان کے تحت اپنی تجاویز اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کو جلد از جلد حتمی شکل دیں، تاکہ آئندہ مشترکہ تعاون کمیٹی (JCC) اجلاس میں پیش کیا جا سکے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ زیر التوا مالیاتی اور تکنیکی معاملات کو جلد حل کرنے کے لیے چینی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے، تاکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں پر عملی پیشرفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert