کیا کسی نے فون کر کے بتایا کہ وہ آپ سے جل رہا ہے؟ امیشا پٹیل کا ذاکر خان کو جواب

ممبئی (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل اور معروف کامیڈین ذاکر خان کے درمیان لفظی جنگ تیز ہوگئی ہے، امیشا پٹیل نے ذاکر خان کے اس دعوے کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بالی ووڈ فلم ‘دھریندھر 2’ کی کامیابی سے حسد کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر سنی دیول، امیشا پٹیل اور ماورا حسین بول اٹھے
اس تنازع کا آغاز ایک ایوارڈ شو کے دوران ہوا جہاں ذاکر خان نے عالیہ بھٹ کے ساتھ میزبانی کرتے ہوئے طنزیہ جملہ کسا تھا، ذاکر خان کے اس جملے پر امیشا پٹیل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان سے سوال کیا ہے کہ آپ کو کس نے فون کر کے بتایا کہ وہ غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں؟
ایک حالیہ انٹرویو میں امیشا پٹیل نے واضح کیا کہ کامیڈینز کے لیے اسٹیج پر کھڑے ہو کر کامیاب لوگوں کا مذاق اڑانا بہت آسان ہے، لیکن پہلے خود اس مقام تک پہنچ کر دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ انڈسٹری ‘دھرندھر 2’ کی کامیابی سے ڈری ہوئی نہیں ہے بلکہ اسے ایک بینچ مارک کے طور پر دیکھ رہی ہے اور اس سے سیکھ رہی ہے۔
امیشا کا کہنا تھا کہ رام گوپال ورما جیسے بڑے فلم سازوں اور دیگر اداکاروں نے فلم کی تعریف کی ہے اور اپنی فلموں کے معیار کو بہتر بنانے پر کام شروع کردیا ہے، جو کہ ایک مثبت مقابلہ ہے۔
امیشا پٹیل نے ذاکر خان کو مشورہ دیا کہ وہ انڈسٹری میں منفی سوچ پھیلانے سے گریز کریں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی شاہ رخ خان، سلمان خان، سنی دیول اور ہریتھک روشن جیسے سپر اسٹارز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری دہائیوں سے ہٹ فلمیں دے رہی ہے اور ‘گدر’ مچا رہی ہے، اس لیے کسی ایک فلم کی کامیابی سے کوئی غیر محفوظ نہیں ہوا۔
امیشا نے مطالبہ کیا کہ ذاکر خان ان دس لوگوں کے نام بتائیں جنہوں نے انہیں فون کر کے اپنی بے چینی کا اظہار کیا، ورنہ ایسی باتیں کرنا بند کریں۔
