ایئرپورٹ پر اہلکار سے الجھنے کا معاملہ؛ مشی خان نے اقرار الحسن کے نام پیغام جاری کردیا

لاہور (قدرت روزنامہ) اداکارہ مشی خان نے ایئرپورٹ پر اہلکار سے الجھنے کے معاملے پر اینکر پرسن اقرار الحسن کے نام پیغام جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق عوام راج پارٹی کے سربراہ اینکرپرسن سید اقرار الحسن کی بیرون ملک سے واپسی کے موقع پر ایئرپورٹ پر اہلکار سے تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا، اس پر اداکارہ مشی خان کا بھی ردعمل آیا ہے، اس سلسلے میں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقرار الحسن صاحب آپ کو کیا ہوگیا ہے؟ آپ کوئی عقل کے ناخن لیں، آپ نے پارٹی شروع کی ہے، آپ چاہتے ہیں لوگ آپ کو فالو کریں تو یہ کس طریقے سے آپ لوگوں سے لڑ جھگڑ رہے ہیں؟۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ویسے کہا تو اہلکار نے ٹھیک ہی ہے کیوں کہ آپ بھی عمران خان سے جیلسی میں جواد احمد کے ساتھ ساتھ ہی جا رہے ہیں، جیسے وہ کرتے ہیں، ویسے ہی آپ ان کو فالو کر رہے ہیں، آپ کیا سمجھتے ہیں لوگ آپ کی پارٹی میں اس طریقے سے آئیں گے؟ آپ لوگوں نے ابھی سٹارٹ لیا ہے اور آپ لوگ ایک ایسے انسان سے مقابلہ کر رہے ہیں جو آئیکون اور لیجنڈ ہے، وہ اس وقت جیل میں ہے اور آپ اسی کا نام لے رہے ہیں۔
What are doing @iqrarulhassan . Please relax & evaluate your strategies. This kind of behaviour is not good. pic.twitter.com/s0v8IG8U3A
— Mishi khan (@mishilicious) April 27, 2026
مشی خان نے مزید کہا کہ آپ کیسے لوگ ہیں وہ آدمی جیل میں ہے اور ابھی تک آپ کو اس کا فوبیا ہے، کچھ اپنے اوپر فوکس کریں کہ آپ نے کس طریقے سے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنا ہے لیکن آپ بغض میں ہی بیٹھے ہوئے ہیں، سوچیں کہ یہ عمران خان کی پاور ہے، وہ جیل میں ہیں، نہ ان کی اتنے عرصہ میں کسی نے آواز سنی ہے، نہ وہ کسی سے مل سکتے ہیں، پھر بھی وہ آپ کے دماغوں پر چھائے ہوئے ہیں، خدارا آپ لوگ اپنے آپ پر دھیان دیں، جو کسی کو پسند کرتا ہے تو کیا آپ زبردستی لوگوں کے پیچھے پڑیں گے، سیاست میں آئے ہیں تو لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائیں، اپنا تماشا نہ بنائیں۔
